ایک خاندان کے لیے بنایا گیا وسیع گھر

Resham Ejaz Resham Ejaz
The Passage House, Ansari Architects Ansari Architects Bedroom
Loading admin actions …

لکڑی کی خوبصورتی سے بھلا کس نے انکار کیا ہے؟ مگر اسے اس دلکشی سے استعمال ہوتے ہوئے آج سے پہلے کم از کم ہم نے تو نہیں دیکھا تھا۔ دلنشین، متاثر کن، جاذب نظر، غرضیکہ ایسے تمام الفاظ اس گھر کے حسن کی وضاحت کے لیے ناکافی ہیں۔  تو زیادہ تفصیل میں جائے بغیر ہم آپ کو اس گھر کے دورے پر لیے چلتے ہیں جسے دیکھ کر آپ یہ فیصلہ خود کریں گے کہ آپ ایسے ہی گھر کی تلاش میں تھے یا نہیں!

داخلہ

سیمنٹ، شیشے اور لکڑی کی نمائش کرتا یہ داخلہ ہمیں گھر کے اندر قدم رکھ کر اس کے باقی حصے دیکھنے کے لیے اکساتا ہے۔ لکڑی کے تختوں والی مصنوعی چھت اوراس میں لگی عقبی روشنیاں ایک خوابناک ماحول بناتی ہیں۔

ڈرائنگ روم

خوبصورت فرنیچر کے ساتھ بڑی بڑی کھڑکیوں کو ڈھکتے سفید پردےاس کمرے کو دلچسپ بناتے ہیں۔ یہاں بھی لکڑی کے ڈیزائن اور عقبی روشنیوں والی مصنوعی چھت دیکھی جا سکتی ہے جو کمرے کو ایک ڈرامائی عنصر عطا کرتی ہے۔

پچھلا صحن

ڈرائنگ روم کی پچھلی دیوار سے پردے ہٹاؤ تو شیشے کی ایک بڑی سی دیوار اور اس کے پیچھے ہریالی کا یہ منظر نظر آتا ہے۔

لاؤنج

لاؤنج اور ڈائننگ کا فرش  ہلکے رنگ کے سنگ مرمر سے تعمیر کیا گیا ہےجو اس پوری جگہ کو مزید کشادہ دکھاتا ہے۔ٹی وی کو سہارا دیتی لکڑی اور شیشے سے بنی دیوار لاؤنج اور ڈائننگ کو الگ کرنے کا کام بھی سرانجام دیتی ہے۔

ڈائننگ

جدید انداز کی کھانے کی میز اور اس پر سجی سیاہ کرسیوں کے پیچھے شیشےکا دروازہ دیکھا جا سکتا ہےجو صحن میں کھلتا ہے۔ اس رخ سے سیڑھیاں اور ان پر لگی شیشے اور لکڑی سے بنی خوبصورت ریلنگ بھی باآسانی دیکھی جا سکتی ہے۔ سیڑھیوں کے نچلے حصے میں شیلف بنا کر اسے استعمال میں لایا گیا ہے۔

کھانے کے کمرے کی چھت کو بھی وہی مصنوعی انداز دیا گیا ہےجو میز کے دوسرے کنارے پر بنے شو کیس کو نمایاں کرتا ہے۔ تمام حصوں میں ایک جیسی گہرے رنگ کی لکڑی استعمال کی گئی ہے۔

پہلی خواب گاہ

یہ خواب گاہ مرکزی دیوار پر سجے زرد وال پیپر کے ساتھ روشن نظر آتی ہے۔ بیڈ اور اس کا منفرد ہیڈ بورڈ اسی گہری لکڑی سے بنائے گئے ہیں جو پورے گھر کو ہم آہنگ کرتی ہے۔

دوسری خواب گاہ

ہلکے رنگوں اور سادہ سجاوٹ کے ساتھ یہ کمرہ کشادہ نظر آتا ہے۔ بڑی بڑی کھڑکیوں کو چھپاتے ہلکے رنگ کے پردےکمرے کو مزید روشن دکھاتے ہیں۔ سامنے والی کھڑکی کے آگے کشن رکھ کر بیٹھنے کی جگہ بنائی گئی ہے جہاں پردے کھول کر بیٹھا جا سکتا ہے اور مطالعہ کرتے ہوئے باہری منظر سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔

تیسری خواب گاہ

تیسری خواب گاہ نے اس گھر میں موجود گہری لکڑی کی حکومت سے ایک دم بغاوت کر ڈالی ہے۔ یہاں ہم گہرے رنگ کی کچھ جھلکیاں تو ضرور دیکھ سکتے ہیں مگر بنیادی طور پر ہر سو ہلکے رنگ کی پالش شدہ لکڑی کا بول بالا ہے۔ اس لکڑی پو بنی افقی لکیریں کمرے کو کشادہ دکھاتی ہیں اور ایک ڈرامائی انداز عطا کرتی ہیں۔

بچے کا کمرہ

دو بچوں کے لیے بنائے گئے اس کمرے میں رنگوں کا بےدریغ استعمال کیا گیا ہے۔ مرکزی دیوار کو سبز رکھا گیا ہے جو کمرے کو خوشگواریت کا احساس دیتا ہے۔ سامان رکھنے کے لیے بنائی گئی مزے دار الماریوں اور کھیلنے کودنے کی کھلی جگہ کے ساتھ یہ کمرہ بچوں کے لیے بہترین بن جاتا ہے جسے وہ کسی صورت ناپسند نہیں کر سکتے۔

اس گھر کی وسعت نے اس کی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کیا مگر کیا آپ نے چھوٹے گھروں کا حسن دیکھا ہے؟ کم جگہ میں ہوشیاری سے بنایا گیا ایک لاجواب گھر۔

Need help with your home project?
Get in touch!

Highlights from our magazine