ایک خوبصورت بالکنی کے لیے مفید مشورے!

Hamna – Homify Hamna – Homify
homify
Loading admin actions …

ہر گھر کے دو حصے ہوتے ہیں ایک اس کی اندرونی جگہ ہوتی ہے ایک بیرونی۔ ہم زیادہ تر وقت تو گھر کے اندرونی حصے میں گزارتے ہیں لیکن بیرونی حصے کی بھی کم اہمیت نہیں ہے۔ ان بیرونی حصوں میں آپ کے گھر کا لان، ٹیرس، آنگن اور بالکنی شامل ہیں۔ ان جگہوں کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے گھر میں رہ کے ہی باہر کی تازہ فضا کا مزہ اٹھا سکتے ہیں۔ چاہے وہ سردیوں کی دوپہر ہو یا گرمیوں کی شامیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی اس طرح کی بیرونی جگہ موجود ہے تبھی آپ ان موسموں کی خوبصورتی کو پوری طرح محسوس کر سکتے ہیں۔

یہ جگہیں صرف موسم کی دلکشی کا احساس دلانے کے لیے نہیں ہیں بلکہ انہیں بہت سے طریقوں سے استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً اگر آپ کو باہر کھانا کھانا پسند ہے تو آپ ادھر چند کرسیوں اور میز کا اضافہ کر دیں اور باہر کے موسم کا لطف لیتے ہوۓ مزے دار کھانا کھائیں۔ اور اگر آپ کھانا پکانے کے شوقین ہیں تو یہاں ایک چولہے کا بھی اضافہ کر دیں۔

آج ہم خاص طور پر ٹیرس اور بالکنی کی بات کریں گے کہ ان کی آرائش اور زیبائش کے بہترین اور آسان طریقے کیا ہیں۔ تاکہ آپ صرف اس ڈر کی وجہ سے ان کو سجانے کا خیال چھوڑ نہ دیں کے پتہ نہیں اس میں کتنی دقت ہو گی۔

ایک ٹیرس کو کس کس انداز سے سجایا جا سکتا ہے؟

کسی بھی جگہ کی سجاوٹ آپ کے ذوق پر منحصر ہوتی ہے۔ اس کے لیے آپ اپنی پسند اور ضرورت کا دھیان رکھیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خیال کریں کہ آپ ان چیزوں کا چناؤ نہ کریں جو آپ کے گھر کی خوبصورتی کو مدھم کریں۔

اس سلسلے میں ہم آپ کو چند مشورے دے سکتے ہیں کہ آپ اپنی بالکنی کو کس کس انداز سے سجا سکتے ہیں۔

بیرونی کھانے کی جگہ بنائیں

اس کے لیے آپ کو چند میز اور کرسیوں کی ضرورت ہو گی۔ یہ فرنیچر آپ کے ان وقتوں کے لیے بہترین ہو گا جب آپ باہر کے موسم کا لطف اٹھاتے ہوۓ کھانا کھانا چاہ رہے ہوں۔ کوشش کریں کہ اس کے اوپر آپ کسی قسم کا شیڈ بھی لگا دیں تاکہ آپ کا فرنیچر بارش اور دھوپ سے محفوظ رہ سکے۔

دوستوں اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی جگہ

یہ تو بہت ہی آسانی سے ممکن ہے۔ اس کے لیے آپ کو صرف چند کرسیوں کا اضافہ کرنا ہو گا اور اس کے علاوہ ایک چھوٹی میز رکھ دیں جس پر کھانے کی چھوٹی موٹی اشیاء رکھی جا سکیں۔

ایک چھوٹا سا باغ

اگر آپ کے پاس کوئی باقاعدہ لان موجود نہیں ہے تو آپ اپنے ٹیرس یا بالکنی کو بھی چھوٹے سے باغ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ گملوں کا استعمال کریں اور اس میں اپنی پسند کے پودے لگا لیں۔ یقین کریں اس سے آپ کے پورے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو جاۓ گا۔

ایک بیرونی بیٹھک

یہ جگہ اس وقت کے لیے بہترین ہے جب آپ صرف ایک کپ کافی یا کوئی کتاب پڑھنا چاہیں، یعنی صرف آرام کے لیے! اس کے لیے آپ کو زیادہ خرچے کی ضرورت بھی نہیں، بس یہاں ہلکا پھلکا سا فرنیچر اور چند پودے رکھ دیں اور بس آپ کے آرام کے لیے اپنی ذاتی جگہ تیار ہے۔

ایک چھوٹی بالکنی کی آرائش کے لیے چند مفید مشورے کیا ہیں؟

اگر آپ کے پاس جگہ کم ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس میں خوبصورتی نہیں لائی جا سکتی۔ یہ تو آپ کے ذوق پر منحصر ہے کہ آپ اس چھوٹی جگہ کو کتنی اچھی طرح سجا سکتے ہیں۔ اس کے لیے چند مشورے یہ ہیں کہ آپ ادھر کم سے کم فرنیچر رکھیں تاکہ جگہ ایک دم تنگ نظر نہ آۓ۔ اس کے علاوہ کوشش کریں کہ آپ اسے جتنا سادہ رکھ سکتے ہیں رکھیں یعنی ادھر بہت زیادہ رنگ استعمال نہ کریں۔ اگر آپ پودوں کا اضافہ چاہتے ہیں تو بڑے گملوں کے بجاۓ چھوٹے گلدانوں یا کنارے پر بنی چھوٹی چھوٹی کیاریوں کا استعمال کریں۔

ایک بالکنی یا ٹیرس کے لیے بہترین مٹیریل کون سے ہیں؟

جیسا کہ ہم نے پہلے کہا کہ گھر کے ہر حصے کی آرائش آپ کے ذوق پر منحصر ہوتی ہے لیکن اس سلسلے میں ہم آپ کو یہ مشورہ دیں گے کہ آپ ایسے مٹیریل کا استعمال کریں جو موسم کی سختیوں جیسے بارش، نمی، تیز دھوپ اور دھول مٹی کو برداشت کرنے کے قابل ہوں۔

آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کی آرائش کو اندرونی حصے سے ملا بھی سکتے ہیں یعنی جو انداز گھر کے اندر ہے وہی باہر بھی موجود ہوں۔ یا پھر بالکل قدرتی تاثر لانے کے لیے آپ بیرونی جگہ کو لکڑی اور پتھر کے استعمال سے بھی بنا سکتے ہیں۔ اور اگر ادھر چند پودوں کا اضافہ بھی کر دیا جاۓ تب تو اس جگہ کا لطف ہی دوبالہ ہو جاۓ گا۔

سب سے آخری بات اگر آپ اپنی گرمیوں کی ٹھنڈی شاموں اور راتوں کا مزہ لینا چاہتے ہیں تو آپ کو ادھر درست انداز کی روشنی کا بھی انتظام کرنا ہو گا تاکہ ماحول اور بھی خوبصورت اور دلکش لگے۔

۲۸ شاندار بالکنی جو باہر کے مناظر اندر لے آئے.

Need help with your home project?
Get in touch!

Highlights from our magazine